ملک میں مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے، کیونکہ 16 جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آئندہ 15 روزہ مدت کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، جس سے عام صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 27 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 60 پیسے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ آئل انڈسٹری کی جانب سے قیمتوں سے متعلق ابتدائی ورکنگ رپورٹ اوگرا کو بھجوائی جا چکی ہے، جبکہ اوگرا یہ رپورٹ کل وفاقی حکومت کو ارسال کرے گا۔
وزارت خزانہ اور وزیراعظم کی مشاورت کے بعد قیمتوں میں تبدیلی سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اگرچہ قیمتوں میں ردوبدل کا تعین عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کے رجحان کے مطابق کیا جاتا ہے، تاہم وفاقی حکومت کے پاس اختیار موجود ہے کہ وہ ان قیمتوں میں اپنی صوابدید پر کمی یا اضافہ کر سکتی ہے۔
عوام کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مہنگائی کے اس طوفان میں پیٹرولیم قیمتوں پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات کرے تاکہ روزمرہ زندگی مزید مشکلات کا شکار نہ ہو۔