شہرِ قائد میں آئندہ تین روز کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران سمندری ہوائیں جزوی طور پر متاثر یا مکمل طور پر غیر فعال رہ سکتی ہیں۔ ان بدلتی موسمی صورتحال کے باعث شہریوں کو گرمی کا نسبتاً زیادہ احساس ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق دن کے ابتدائی اوقات میں بلوچستان کی شمال مغربی سمت اور شام کے وقت مغربی جانب سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جو گرمی کی شدت میں کمی کے بجائے بعض اوقات حبس کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اگلے تین روز کے دوران کراچی کا درجہ حرارت بتدریج بڑھ سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس دوران شہریوں کو دن کے وقت غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسم دراصل منتقلی کے مرحلے میں ہے، جس کے بعد موسم سرما کی ہوائیں اپنا اثر دکھانا شروع کر دیں گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نومبر کے اوائل اور وسط سے کراچی میں موسم بتدریج خنک ہونا شروع ہو جائے گا اور گرمی کی شدت میں واضح کمی آئے گی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ کراچی میں اکتوبر کا مہینہ مئی اور جون کے بعد سب سے گرم مہینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس دوران دن کا درجہ حرارت عموماً 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے۔