پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے حالیہ گفتگو میں اپنی بیٹیوں کو زندگی کی سب سے بڑی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہر بیٹی کی آمد نے ان کی زندگی میں بے شمار خوشیاں اور کامیابیاں لے کر آئیں۔
منیب بٹ اپنی بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی فیملی سے جڑی محبت بھری جھلکیوں کے باعث بھی مداحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ ان کی اہلیہ ایمن خان بھی پاکستان کی مقبول ترین اداکاراؤں اور سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیات میں شامل ہیں۔
یہ جوڑا اپنی تین بیٹیوں، امل، میرال اور نیمل، کے ساتھ اپنی زندگی کے حسین لمحات سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتا رہتا ہے، جنہیں مداح بے حد پسند کرتے ہیں۔ زارا نور عباس کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران منیب بٹ نے بتایا کہ جب سے وہ بیٹیوں کے والد بنے ہیں، ان کی زندگی میں برکت اور خوشیوں کا سلسلہ بڑھتا چلا گیا ہے۔ ان کے مطابق، ہر بیٹی نے ان کے کیریئر اور ذاتی زندگی میں ایک نئی روشنی اور کامیابی کا دروازہ کھولا۔
منیب بٹ نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ جس سال ان کے گھر بیٹی پیدا ہوئی، اسی سال ان کے رزق، مواقع اور کامیابیوں میں اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق، ڈرامہ انڈسٹری میں بڑے پروجیکٹس، مالی ترقی اور اہم سنگ میل انہی ادوار میں آئے جب ان کی بیٹیاں پیدا ہوئیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی نیمل کی پیدائش کے بعد بھی ان کی زندگی میں خوشیوں اور کامیابیوں کی ایک نئی لہر دوڑ گئی۔ ان کے مطابق بیٹیاں واقعی اللہ کی رحمت ہوتی ہیں اور ان کے آنے سے گھر میں محبت، سکون اور برکت میں اضافہ ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی منیب بٹ کے اس جذبے کو بے حد سراہا اور کئی افراد نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے والد ہی اصل ہیرو ہوتے ہیں جو بیٹیوں کو اللہ کی نعمت سمجھتے ہیں۔