گلوکارہ آئمہ بیگ اور ان کے شوہر زین احمد کے درمیان علیحدگی کی خبریں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں، جس کے بعد مداحوں نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زین احمد نے حال ہی میں آئمہ بیگ کو انسٹاگرام پر ان فالو کر دیا ہے، جب کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شادی سے متعلق پوسٹ بھی حذف کر دی گئی ہے۔ یہ تبدیلی دیکھ کر مداحوں نے سوالات اٹھانے شروع کر دیے ہیں کہ کیا دونوں کے درمیان تعلقات میں دراڑ آ گئی ہے۔

دوسری جانب گلوکارہ آئمہ بیگ نے تاحال اپنے شوہر زین احمد کو انسٹاگرام پر فالو کر رکھا ہے، اور ان کے اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر اور پوسٹس بدستور موجود ہیں۔

آئمہ بیگ نے رواں سال 6 اگست کو اپنے قریبی دوست زین احمد سے شادی کی تصدیق ایک پوسٹ کے ذریعے کی تھی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا: “کل رات اپنے بہترین دوست سے شادی کر لی۔” اس اعلان نے اس وقت بھی سوشل میڈیا پر خوب توجہ حاصل کی تھی کیونکہ اس سے قبل ان کی شادی کی خبریں صرف افواہوں تک محدود تھیں۔
اب جبکہ زین احمد کی جانب سے گلوکارہ کو ان فالو کرنے کی خبر سامنے آئی ہے، مداحوں میں اس ممکنہ علیحدگی کے حوالے سے چہ مگوئیاں بڑھ گئی ہیں۔ تاہم اب تک دونوں میں سے کسی نے بھی علیحدگی کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق زین احمد پاکستانی فیشن برانڈ ’راستہ‘ کے کری ایٹو ڈائریکٹر ہیں، اور دونوں کی شادی کینیڈا میں ایک نجی تقریب میں ہوئی تھی جس میں صرف قریبی افراد شریک تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آئمہ بیگ کی منگنی اداکار شہباز شگری سے ہوئی تھی۔ دونوں کے درمیان قریبی تعلق فلم ’پرے ہٹ لو‘ کے دوران قائم ہوا تھا، تاہم ستمبر 2022 میں آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا پر شہباز شگری سے منگنی ختم ہونے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔
اگرچہ یہ واضح نہیں کہ موجودہ صورتحال صرف غلط فہمی ہے یا واقعی دونوں کے درمیان علیحدگی واقع ہوچکی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر شائقین مسلسل دونوں کے اکاؤنٹس پر تبصرے کر رہے ہیں اور صورتحال کے واضح ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔