پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سے بارشوں کا باقاعدہ الرٹ جاری کر دیا ہے، تاکہ متعلقہ ادارے اور عوام ممکنہ موسمی صورتحال کے لیے پیشگی تیار رہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے کے متعدد علاقوں میں 5 نومبر تک وقفے وقفے سے بارشوں اور بالائی مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی برفباری کا امکان ہے۔ اتھارٹی نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
مزید یہ کہ پی ڈی ایم اے نے عوام اور مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جو سڑکوں کی بندش یا ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین اطلاعات پر نظر رکھیں۔