محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہرِ قائد میں آئندہ تین روز کے دوران موسم میں معمولی حدت کا اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرق کی سمت حرکت کی ہے۔ یہ سسٹم کراچی سے تقریباً 712 کلومیٹر اور بھارتی ریاست گجرات سے 330 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ تاہم، پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو اس سسٹم سے کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہیں ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ سسٹم مزید کمزور پڑنے کا امکان ہے، جس کے بعد سندھ کی ساحلی پٹی، بشمول کراچی، میں تیز ہواؤں کی شدت میں بھی کمی واقع ہوگی۔ متوقع ہے کہ شمال مشرقی سمت سے ہوائیں 10 سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ تین دنوں کے دوران شہر کا درجہ حرارت معمولی حد تک بڑھے گا، تاہم موسم مجموعی طور پر خشک اور نسبتاً گرم رہے گا۔