پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اور سینئر فنکار عزیر عباسی تین دن قبل انتقال کر گئے، ان کے اچانک انتقال کی خبر نے شائقین کو گہرے غم میں مبتلا کر دیا۔
عزیر عباسی کا تعلق ایک تخلیقی اور فنکارانہ خاندان سے تھا۔ ان کے بڑے بھائی زبیر عباسی پاکستان ٹیلی ویژن کے نامور پروڈیوسر اور ڈائریکٹر تھے، جب کہ ان کے بھتیجے شمعون عباسی ایک معروف ہدایت کار، مصنف اور اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
عزیر عباسی نے اپنے فنی کیریئر کے دوران کئی یادگار کردار ادا کیے۔ جیو ٹی وی کے مقبول ڈرامہ سیریل ’انتقام‘ میں رشید بابا کا کردار ان کی شہرت کا باعث بنا، جس میں ان کی جذباتی اداکاری کو ناظرین نے بے حد سراہا۔ ان کی اردو تلفظ کی روانی اور کرداروں میں سچائی نے انہیں ٹی وی انڈسٹری میں ایک باوقار مقام عطا کیا۔
طویل فنی سفر کے دوران عزیر عباسی نے متعدد کامیاب ڈراموں میں کام کیا، جن میں ’کراچی ڈویژن‘ (2021)، ’باشو‘ (2023)، ’ہیر رانجھا‘ (2012) اور ’کھلونا‘ شامل ہیں۔ ان کی اداکاری میں جوش، گہرائی اور کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کی صلاحیت انہیں اپنے ہم عصر فنکاروں سے ممتاز کرتی تھی۔
ان کے بھتیجے شمعون عباسی، جو اپنے چچا کے نہایت قریب تھے، نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ان کے پیارے چچا، جو ہمیشہ رہنمائی، حوصلہ افزائی اور دوستی کا ذریعہ رہے، اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ شمعون نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ عزیر عباسی کی مغفرت اور روح کے سکون کے لیے سورہ فاتحہ پڑھیں اور دعا کریں۔