پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے دبئی ایئر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے تیجس کے گر کر تباہ ہونے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات پر خوشی منانا مناسب نہیں ہوتا، کیونکہ انسانی جان کا ضیاع کسی بھی ملک یا قوم کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک صحافی نے ان سے اس حادثے سے متعلق سوال کیا، جس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ “دشمن کے مرنے پر خوشی نہ منانا، کسی دن سجناں بھی مر جائیں گے”، اور مزید کہا کہ جو کچھ ہوا وہ کسی طور پر بھی اچھا نہیں تھا۔
کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی ٹیم بھی حالیہ عرصے میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس سے امید ہے کہ آئندہ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی سامنے آئے گی۔ انہوں نے پاکستان سپر لیگ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دو نئی ٹیموں کو ایونٹ میں شامل کرنا خوش آئند فیصلہ ہے، جس سے ان کھلاڑیوں کو بھی موقع ملے گا جنہیں پہلے جگہ نہیں مل پاتی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی ایئر شو کے دوران بھارت کا تیجس لڑاکا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس نے بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل کی۔