کراچی میں سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی جب اسپیکر صوبائی اسمبلی اویس قادر شاہ نے صوبائی حکومت کی ترجمان سمعتا افضال کو سخت برہمی کا سامنا کرایا۔
اسپیکر اویس قادر شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن قرۃ العین نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ سمعتا افضال خود سندھ حکومت کی ترجمان ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک طرف سمعتا افضال حکومت کی نمائندہ ہیں اور دوسری جانب وہ خود ایوان میں سوالات بھی کر رہی ہیں، جو قواعد کے خلاف ہے۔
رکن سندھ اسمبلی قرۃ العین کا کہنا تھا کہ چونکہ سمعتا افضال بطور ترجمان جوابدہ ہیں، اس لیے ان کا بطور رکن سوال کرنا مناسب نہیں۔ اس پر سمعتا افضال نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مشیر نہیں بلکہ صرف ترجمان ہیں۔
اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ نے سخت لہجے میں سمعتا افضال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس سے پوچھ کر کھڑی ہوئی ہیں، فوراً بیٹھ جائیں۔ اسپیکر کی سرزنش کے بعد ایوان میں کچھ دیر کے لیے خاموشی چھا گئی اور کارروائی آگے بڑھائی گئی۔