سندھ حکومت نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے متاثرہ تاجروں کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا آتشزدگی کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے، جبکہ اس سانحے میں اب تک تقریباً 60 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جو تشویش ناک صورتحال کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے اور اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت کراچی سے باہر تھے اور انتشار پھیلانے والے افراد کی باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں، جبکہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھا رہی ہے اور تمام معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت گل پلازہ کے تاجروں کی مالی مدد کرے گی اور آگ سے ہونے والے کاروباری نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، تاکہ متاثرہ تاجر دوبارہ اپنے کاروبار کو سنبھال سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت کے اندر آگ بجھانے کے لیے کوئی مناسب انتظامات موجود نہیں تھے، جبکہ بغیر کسی جامع اسٹڈی کے کئی منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی اجازت دی گئی، جو ایک سنگین غفلت کی نشاندہی کرتی ہے۔