کراچی میں شدید گرمی کا سلسلہ برقرار ہے اور آج بھی درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج بھی شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 ستمبر کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو ستمبر 2017 کے بعد اس مہینے کا گرم ترین دن قرار دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں مون سون کا اختتام معمول سے پہلے ہوگیا ہے۔ پاکستان میں عام طور پر مون سون کا سلسلہ 30 ستمبر تک جاری رہتا ہے، تاہم اس بار اس کے جلد اختتام کے باعث کراچی میں اکتوبر جیسی گرمی محسوس کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایل نینو کے اثرات کے باعث اکتوبر میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے۔























































































