دوحا: رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان کے 313 رنز کے جواب میں بھارت اے کی پوری ٹیم 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس فتح سے شاہینز کے دو میچوں میں چار پوائنٹس ہوگئے اور سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں مزید مضبوط ہوگئیں۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شامل حسین اور معاذ صداقت نے 66 رنز کی افتتاحی شراکت قائم کی۔ شامل نے 33 رنز بنائے، جبکہ روحیل نذیر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ معاذ اور حسن نواز نے تیسری وکٹ کے لیے 54 رنز جوڑے۔ معاذ نے 59 اور کپتان عبدالصمد نے 28 رنز اسکور کیے۔
حسن نواز نے پانچ چوکوں اور چار چھکوں کے ساتھ 79 رنز بنائے۔ فرحان یوسف نے 46 گیندوں پر 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 313 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ بھارت کے وپراج، سوریانش، پرنس اور ہرشیتھ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی دو وکٹیں 26 رنز پر گرگئیں۔ تلک ورما اور ابھیشک شرما نے تیسری وکٹ پر 67 رنز کا اضافہ کیا۔ ابھیشک نے چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔
بعد میں تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ کے لیے 112 رنز جوڑ کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔ شہباز 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تلک ورما سنچری مکمل کرنے کے بعد آخری آؤٹ ہونے والے بیٹر تھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
















































































