محکمہ موسمیات نے جمعہ کو کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کی ایک لہر ملک کے مغربی اور بالائی حصوں کو متاثر کر رہی ہے۔ اس سسٹم کے زیر اثر جمعہ کو کراچی، ٹھٹھہ، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور نوشہرو فیروز میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور خنک رہنے کی توقع ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑ سکتی ہے، جبکہ کراچی میں جمعرات کو ہلکی دھند متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

















































































