پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی دور کر دی گئی ہے اور ملک میں انٹرنیٹ سروس بلا تعطل جاری ہے۔
جمعرات کو پاکستان کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروس سست ہونے کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے باعث صارفین کو کنیکٹیویٹی اور سروس کے معیار سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی پر نظر رکھنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق ملک کے متعدد شہروں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔
پی ٹی اے نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ SEA-ME-WE 5 (SMW5) بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم میں خرابی کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں تعطل پیدا ہوا اور بعض صارفین کو وقتاً فوقتاً سروس کے معیار اور کنیکٹیویٹی میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
تاہم پی ٹی اے نے اب تصدیق کی ہے کہ (SMW5) سب میرین کیبل میں خرابی دور کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے۔





















































































