بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بھارت میں امتحانی پرچہ لیک کے معاملے پر احتجاج کرنے والے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا احتجاج ختم کرکے گھروں کو واپس چلے جائیں۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پہلے ہی اس معاملے پر بیان دے چکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اداکار نے طلبہ سے مطالبہ کیا کہ وہ احتجاج ختم کریں اور اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔
سلمان خان نے سماجی کارکن سونم وانگچک سے بھی اپیل کی کہ احتجاج کو مزید طول نہ دیا جائے، اور اگر مستقبل میں ضرورت پیش آئے تو دوبارہ آواز اٹھائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے اور کھانا کھانے کی درخواست کرتے ہوئے اپنے گھر سے کھانا بھجوانے کی پیشکش بھی کی۔
دوسری جانب بالی ووڈ اداکاراؤں اننیا پانڈے اور سارہ علی خان نے امتحانی پرچہ لیک کے خلاف احتجاج کرنے والے طلبہ کی حمایت کا اظہار کیا۔
اننیا پانڈے نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی نسل ناانصافی کو معمول کے طور پر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں، جبکہ طلبہ کسی رعایت کے نہیں بلکہ انصاف کے مطالبے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔
سارہ علی خان نے کہا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت طلبہ کے مطالبات پر توجہ دے گی اور انہیں انصاف فراہم کرے گی۔

















































































