پنجاب میں مون سون سیزن ختم ہونے پر پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور نقصانات کے اعداد و شمار جاری کردیے ہیں، جن کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں۔ لاہور میں 1316، سیالکوٹ میں 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
دیگر علاقوں میں جہلم میں 935، گجرات میں 865، منڈی بہاؤالدین میں 810، نارووال میں 786، مری میں 757، اٹک میں 749، وزیر آباد میں 741، منگلا میں 602 اور اوکاڑہ میں 576 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ترجمان کے مطابق رواں سال کسی دریا میں بڑے سیلاب کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، تاہم نالہ بھیڈ اور نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث فیروزوالہ اور مریدکے کے 58 دیہات زیرآب آگئے۔ سیلاب سے مجموعی طور پر 83 موضع جات اور 43,188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیلاب کے نتیجے میں 1215 گھر متاثر ہوئے۔ رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث 224 مکانات بھی متاثر ہوئے، جبکہ 21 مویشی ہلاک ہوئے۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ پنجاب میں مون سون کا سیزن ختم ہوچکا ہے۔




















































































