بالی وڈ کے معروف فلم ساز رام گوپال ورما اور اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جہاں ایک سینئر بھارتی صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں نے ماضی میں خفیہ طور پر شادی کر لی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر صحافی جیوتی وینکٹیش نے ایک یوٹیوب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مبینہ شادی کے بارے میں معروف اداکار چرنجیوی نے بتایا تھا۔
جیوتی وینکٹیش کے مطابق چرنجیوی نے ان سے سوال کیا کہ وہ ایک صحافی ہونے کے باوجود رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر کی شادی کے بارے میں کیوں نہیں لکھ رہے۔
صحافی کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اس دعوے کے شواہد طلب کیے تو چرنجیوی نے مبینہ طور پر بتایا کہ یہ شادی آندھرا پردیش کے ایک مندر میں ہوئی تھی اور اس پجاری کا رابطہ نمبر بھی فراہم کیا تھا جس نے شادی کی رسم ادا کرائی تھی۔
جیوتی وینکٹیش نے دعویٰ کیا کہ خبر شائع کرنے سے پہلے انہوں نے ارمیلا ماتونڈکر سے رابطہ کیا، جنہوں نے اس معاملے پر شدید جذباتی ردعمل ظاہر کیا۔
ان کے مطابق انہوں نے رام گوپال ورما سے بھی مؤقف جاننے کی کوشش کی، تاہم فلم ساز نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
صحافی نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ارمیلا ماتونڈکر اس رشتے کو قانونی شکل دینا چاہتی تھیں، لیکن رام گوپال ورما اس کے لیے تیار نہیں تھے، جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی۔
رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر نے ماضی میں “رنگیلا”، “دوڑ”، “ستیا” اور “پیار تو نے کیا” سمیت کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
اس معاملے پر رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔





















































































