پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی دو چینی خلابازوں کے ساتھ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں۔ مشن سے متعلق اطلاعات کے مطابق شینزو 24 کامیابی سے اسٹیشن کے ساتھ جڑ گیا۔
ذیشان علی کو خلا میں پہنچنے والا پہلا پاکستانی اور تیانگونگ جانے والا پہلا غیرملکی خلاباز قرار دیا گیا ہے۔ اسٹیشن پر ان کا استقبال کیا گیا اور عملے نے مشترکہ تصویر بنوائی۔
مشن کی پرواز پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر 18 منٹ پر چین کے خلائی مرکز سے شروع ہوئی۔ ہزاروں چینی شہریوں نے روانگی براہ راست دیکھی، جبکہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق تینوں خلاباز ایک ہفتہ خلا میں قیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔ چینی سرکاری میڈیا نے مشن کے تحت 90 سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ ہونے کی اطلاع دی ہے۔
روانگی سے پہلے ذیشان علی نے مشن کو پاکستان کے لیے اعزاز اور پاک چین دوستی کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے مزید مشترکہ مشنوں کی امید ظاہر کی اور وزیراعظم سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ اس سفر پر ذیشان علی نہیں، پاکستان جارہا ہے۔


















































































