چینی سفارت خانے کے مطابق پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
چینی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ چین کی وزارت خارجہ نے ایک پاکستانی خلا باز کو چینی خلائی جہاز کے عملے میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ کا پہلا مشن ہوگا جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ حصہ لیں گے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی مشن پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان نسلوں پر محیط دوستی کو مزید مضبوط کرے گا، نوجوانوں کو سائنس کی طرف راغب کرے گا اور انہیں اس شعبے میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع دے گا۔
سفارت خانے کے مطابق اس مشن سے دونوں ممالک کو سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔ چینی سفارت خانے نے دونوں پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر جاری کردی ہیں۔

















































































