پشاور میں خاتون سول جج سے ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے پر ایک وکیل کو توہین عدالت کے مقدمے میں چھ ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔ یہ فیصلہ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور نے سنایا، جس کے تحت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سوات کے رکن اسداللہ کو سزا دی گئی۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم وکیل نے خاتون سول جج کو نہ صرف دھمکایا بلکہ ان کے ساتھ نامناسب زبان بھی استعمال کی۔ عدالتی مشاہدے کے مطابق وکیل نے مبینہ طور پر من پسند فیصلہ حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، جو عدالتی وقار کے منافی عمل ہے۔
جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ ملزم کی جانب سے عدالت میں غیر تسلی بخش جواب دیا گیا اور عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ ہونے کا رویہ اختیار کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایسے طرزِ عمل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اسی بنیاد پر ملزم وکیل کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔