امریکی ریاست ورجینیا میں مسلح شخص نے سرکاری عمارت میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست ورجینیا کے ساحلی شہر ورجینیا بیچ میں واقع عوام کو سہولیات فراہم کرنے والے ادارے کی عمارت میں ایک شخص نے گھس کر فائرنگ کردی۔ جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے حملہ آور بھی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
مقامی حکام نے واقعے میں 11 شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ زخمیوں میں کئی پولیس اہلکار بھی ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، فائرنگ کرنے والے کی شناخت کرلی گئی ہے تاہم اس حوالے سے یہی بتایا جارہا ہے کہ وہ طویل عرصے سے شہر کے سرکاری تعمیرات کے محکمے کا ملازم رہ چکا ہے۔