وزیراعظم عمران خان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو آسٹریلوی کھلاڑی کلیری گرمٹ کا 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد دی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے یاسر شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ‘یاسر شاہ نے 200 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل 33 میچوں میں عبور کرکے دنیا کے تیز ترین بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا’۔
عمران خان نے یاسر شاہ کی کارکردگی کو ‘اسٹار پرفارمنس’ قرار دیتے ہوئے مزید لکھا کہ ‘گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے ایک ٹیسٹ میں 14 وکٹ کا میرا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا’۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین مرتبہ 10 وکٹیں اور ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو 16 مرتبہ آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔