اسلام آباد سے مہنگائی سے ستائے عوام کے لیے ایک خوش آئند خبر موصول ہوئی ہے، جہاں آنے والے تین ماہ کے دوران ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے نرخوں میں کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے باقاعدہ طور پر نیپرا میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں یہ درخواست دائر کی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر سماعت 4 اگست کو کرے گا۔
اگر نیپرا اس درخواست کو منظور کر لیتا ہے، تو بجلی کے صارفین کو مجموعی طور پر 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف ملنے کی امید ہے۔ یہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام سرکاری ڈسکوز پر بھی لاگو ہوگا۔
متعلقہ درخواست کی منظوری کی صورت میں اگست، ستمبر اور اکتوبر کے مہینوں میں صارفین کو فی یونٹ 1 روپے 75 پیسے جبکہ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے لیے 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ تک کا ریلیف دیا جائے گا۔