پاکستان تحریک انصاف کے اسیر بانی عمران خان کے دو صاحبزادے، قاسم خان اور سلیمان خان، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویزا حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث ان کے پاکستان سفر سے متعلق معاملات التوا کا شکار ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قاسم خان اور سلیمان خان نے گزشتہ ماہ پاکستانی ویزا کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں، تاہم درخواستوں میں موجود بعض تکنیکی خامیوں کی وجہ سے تاحال ویزا جاری نہیں کیا جا سکا۔
لندن میں موجود سفارتی ذرائع کے مطابق ویزا سے متعلق درخواستیں اس وقت اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں زیر التوا ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کو اپنی درخواستوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی کے بعد مطلوبہ اضافی معلومات فراہم کرنے کے لیے کہا گیا تھا، تاہم ان کی جانب سے اس عمل میں خاطر خواہ دلچسپی نہیں لی گئی، جس کے باعث معاملہ مزید آگے نہیں بڑھ سکا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ قاسم خان اور سلیمان خان دونوں برطانوی پاسپورٹ ہولڈرز ہیں اور انہوں نے ویزا درخواستوں میں اپنی جائے پیدائش لندن ظاہر کی ہے، جبکہ درخواستوں میں پاکستان کے ساتھ کسی قسم کا تعلق واضح طور پر درج نہیں کیا گیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق درخواست گزاروں نے مقررہ فارم میں اپنی سابقہ سفری تاریخ سے متعلق معلومات بھی مکمل اور درست انداز میں فراہم نہیں کیں، جسے ویزا کے اجرا میں رکاوٹ کی ایک اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔