لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائیاں کرتے ہوئے 26 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
لاہور سے جاری بیان میں سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ لاہور سے القاعدہ سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد جبکہ سرگودھا سے فتنہ الخوارج سے وابستہ چار دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ دیگر ملزمان کو بھی صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران حراست میں لیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کا تعلق علاقہ غیر سے بتایا جاتا ہے۔ ان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ایک آئی ای ڈی بم اور تین ڈیٹونیٹرز برآمد کیے گئے ہیں۔
گرفتار افراد میں عرفان، ضامن علی، مجاہد علی، فیصل، شیراز، نعمت اللّٰہ، اسامہ، غلام یاسین، یاسر، عمران سمیت دیگر شامل ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست دہشت گرد مختلف مقامات پر تخریب کاری کی کارروائیاں کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔