وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہندو برادری کو ہولی کے تہوار پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہولی کی روایات پاکستان کے ثقافتی تنوع اور سماجی ہم آہنگی کی خوبصورت عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگوں کا یہ تہوار معاشرے میں خوشی، محبت اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیتا ہے۔
وزیراعظم نے ہندو برادری کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان کی ہندو کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک بیش قدر اور قابل احترام حصہ ہے، جو ملک کی ترقی اور خوش حالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے ہندو شہریوں کے لیے دلی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہندو کمیونٹی نے ہمیشہ سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے، جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب اور عقیدے کے تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق فراہم کرتا ہے، جبکہ حکومت پاکستان تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین المذاہب مکالمے کے فروغ، عبادت گاہوں کے تحفظ اور باہمی احترام کے کلچر کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور امن کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کے ساتھ ایک پُرامن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔