کراچی سمیت ملک بھر کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین پر مجموعی طور پر 8 ارب 67 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
فیصلے کے مطابق بجلی کی قیمت میں 35 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق مارچ سے مئی 2026 تک تین ماہ کے لیے ہوگا۔ اس اضافے کا اطلاق ملک بھر کے صارفین پر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو منظوری کے لیے ارسال کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی تا ستمبر 2025 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے دوران بھی بجلی کی قیمت میں 33 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد صارفین پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا تھا۔