ڈی جی خان میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سرحدی گاؤں جوتر کے قریب دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی گئی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 خطرناک دہشت گرد مارے گئے۔
بیان کے مطابق کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد پولیس چوکیوں اور دیگر سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر چکے تھے تاہم بروقت کارروائی سے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سیکیورٹی ادارے مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہے ہیں۔