برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی جنگ برطانیہ کی جنگ نہیں تھی، اور ان کا بنیادی مقصد اپنے ملک کی حفاظت کو یقینی بنانا تھا۔
سعودی عرب پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ہے، تاہم صورتحال کو مکمل طور پر مستحکم بنانے کے لیے ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کو مستقل اور دیرپا بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی، کیونکہ عالمی برادری ایک پائیدار امن کی خواہاں ہے، جس کے لیے مزید سفارتی اقدامات درکار ہیں۔
کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کا کھلا رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اور اس مقصد کے لیے مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ وہ سعودی عرب اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔























































































