سندھ حکومت نے صوبے میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ای گورننس کے نظام کو فروغ دینے کے لیے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے تعاون سے جدید صوبائی ڈیٹا سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور این ٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ریٹائرڈ میجر جنرل علی فرحان کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی محمد علی راشد، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین بلال میمن، این ٹی سی کے جنرل منیجر ساؤتھ محمد عرفان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ساؤتھ عطا الرحمٰن ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق منصوبے کے خدوخال طے کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جائے گی، جو اس بات کا جائزہ لے گی کہ منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت مکمل کیا جائے یا پھر این ٹی سی کو معاہدے کی بنیاد پر اس کی ذمہ داری سونپی جائے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے سرکاری خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر، محفوظ اور جدید بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کے نظام کو بھی مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔




















































































