صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے فروغ سے ہی ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے، جس میں ہر شہری کو برابری، مساوات اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ ہم اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ دنیا کے ساتھ کھڑا رہا ہے تاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر اقلیتوں کے محفوظ مستقبل کی نظریاتی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کرکے قومی ترقی میں ان کا کردار مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ پاکستان ایک ایسا معاشرہ بن سکے جہاں ہر شہری بلا امتیاز آگے بڑھ سکے۔