نوشہروفیروز: ضلع نوشہروفیروز کے صدوجہ تھانے کی حدود میں نیشنل ہائی وے پر ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین خواتین اور دو کم عمر بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب نیشنل ہائی وے پر ایک خراب ٹرالر کھڑا تھا، جس کے باعث آگے جانے والی مہران کار نے رفتار کم کر لی۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ڈمپر نے مہران کار کو زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار تمام افراد موقع پر دم توڑ گئے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ضلع خیرپور کے علاقے لقمان جانوری کے رہائشیوں کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ غلام محمد ولد بخشن جانوری اور علی احمد جانوری سمیت خواتین اور بچوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
حادثے کے بعد پولیس نے ڈمپر کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل خان کھوسو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور شفاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
یہ المناک حادثہ ایک بار پھر نیشنل ہائی وے پر حفاظتی اقدامات کی کمی اور بھاری گاڑیوں کی لاپرواہی کو اجاگر کرتا ہے، جس سے معصوم جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔