لاہور/ملتان: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا گیا ہے، جس کے بعد وزارتِ آبی وسائل نے نیا فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس بار بھی بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو باضابطہ طور پر اطلاع دی ہے۔
وزارت کے مطابق دریائے ستلج میں ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں کے مقامات پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑا تھا، جس کے بعد حکومت نے فوری طور پر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو متحرک کیا تھا۔
ادھر ملتان میں پانی کی مسلسل بلند سطح کے باعث شیر شاہ بند پر آج دوپہر شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دباؤ کو کم کیا جا سکے۔ مقامی آبادی کو قبل از وقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں شیر شاہ بستی، کھوکھراں بستی، گاگراں خان پور اور قاضیاں شامل ہیں۔
سی پی او ملتان نے میڈیا کو بتایا کہ آبادی والے علاقوں میں دھماکا خیز مواد استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ بند کو مکینیکل طریقے سے توڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے چناب کے قریبی علاقے پہلے ہی پانی میں ڈوب چکے ہیں جبکہ اکبر فلڈ بند اور شیر شاہ بند پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
حکام کے مطابق تریموں ہیڈورکس سے پانچ لاکھ کیوسک سے زیادہ کا ریلا آئندہ دو روز میں ملتان کی حدود میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں مزید علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔