شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں آج بروز ہفتہ مرمتی کام کے باعث بجلی کی فراہمی معطل رہے گی، جس کا دورانیہ 15 گھنٹے تک ہو سکتا ہے۔ کے-الیکٹرک کی جانب سے 44 فیڈرز پر صبح سے شام تک بجلی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ ان فیڈرز پر کم از کم 12 گھنٹے بجلی کی بندش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق مرمتی کام کے نام پر کی جانے والی یہ بجلی بندش لوڈشیڈنگ کے معمول کے شیڈول کے علاوہ ہوگی، جبکہ بعض مقامات پر مرمتی سرگرمیوں کے باعث بجلی کی بندش کا دورانیہ 15 گھنٹے تک بڑھنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اس صورتحال کے نتیجے میں لاکھوں شہری ہفتے کی صبح سے طویل دورانیے کی بجلی بندش کا سامنا کریں گے، جس سے روزمرہ معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
بجلی سے متاثر ہونے والے علاقوں میں لیاقت آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، ایف بی ایریا، نارتھ کراچی، ڈیفنس، شاہ فیصل، نورس چورنگی، خواجہ اجمیر نگری، گودھرا سمیت مختلف صنعتی فیڈرز شامل ہیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی نے بھی گیس بندش کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کے روز شہر کی تمام صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند رہے گی، جبکہ تمام سی این جی اسٹیشنز کو بھی دو دن کے لیے گیس فراہم نہیں کی جائے گی۔
اس طرح کراچی میں شہریوں کی بڑی تعداد بجلی سے محروم رہے گی، جبکہ صنعتی شعبہ گیس کی عدم فراہمی کے باعث مشکلات کا سامنا کرے گا۔