سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے واقف تھے اور ڈریسنگ روم میں بھی اس پر بات ہوتی تھی۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ون ڈے سیریز کی کمنٹری کے دوران سیئر نے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے۔ وہ اس دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل تھے اور اسی دوران اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ کھیلا۔
سیئر کے مطابق سینڈ پیپر دو ٹیسٹ میچوں میں استعمال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی فریق کی حمایت یا مخالفت کے بجائے اس وقت کے واقعات بیان کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کیپ ٹاؤن میں معاملہ سامنے آنے کے بعد تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک اگلے قدم پر گفتگو ہوئی اور کھلاڑیوں کو اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اسے کتنی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
سیئر نے کہا کہ منصوبے کا سب کو علم تھا اور سینڈ پیپر پہلے ڈیوڈ وارنر اور پھر کیمرون بینکرافٹ کو دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ انہیں بھی سینڈ پیپر ساتھ لے جانے کے لیے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات میں شامل نہیں تھے۔
عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر میں لکھا تھا کہ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی اس معاملے سے واقف تھے۔ پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے اس دعوے کو مسترد کیا جبکہ ڈیوڈ وارنر نے اس کی تائید کی۔ مارچ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں معاملہ سامنے آنے کے بعد اسٹیو اسمتھ، وارنر اور بینکرافٹ پر پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

















































































