دادو کے علاقے مخدوم بلاول تھانے کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھے کہ اسی دوران ڈاکوؤں نے اچانک حملہ کر کے انہیں قابو میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق مزاحمت کے دوران دو اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو ایک اہلکار سے اسلحہ چھین کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور پنجاب کے سرحدی علاقے رونتی کچے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے، جہاں سکیورٹی فورسز اور پولیس مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق شر گینگ سے تعلق رکھنے والے مزید آٹھ ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ ان کے قبضے سے راکٹ لانچر سمیت دیگر بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اور ہتھیار ڈالنے والے ملزمان انتہائی سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔