کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے سندھ کے ضلع سجاول میں ساحلی علاقے کے قریب اعلیٰ معیار کی گیس کی ایک منفرد اور اہم دریافت کا اعلان کیا ہے، جسے خطے میں نئے ہائیڈروکاربن ذخائر کی تلاش کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے اعلامیے کے مطابق کمپنی نے ضلع سجاول میں واقع اپنے آپریٹڈ سرانی بلاک کے دریافتی کنوئیں ڈولفن سے گیس دریافت کی ہے۔
پی پی ایل کے مطابق یہ جراسک دور کے لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن سے ہائیڈروکاربن کی پہلی دریافت ہے، جس کے باعث علاقے میں تیل اور گیس کی تلاش کے نئے امکانات سامنے آئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس دریافت سے علاقے میں پیٹرولیم سسٹم کی موجودگی ثابت ہوگئی ہے اور مستقبل میں مزید ہائیڈروکاربن ذخائر دریافت ہونے کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
پی پی ایل کے مطابق نئی دریافت نے خشکی کے دلدلی علاقوں کے ساتھ ان کے ممکنہ کم گہرے سمندری توسیعی علاقوں میں بھی تیل اور گیس کی تلاش کے لیے ایک نئی ایکسپلوریشن فرنٹیئر کھول دی ہے۔
اس پیشرفت کے بعد ساحلی اور کم گہرے سمندری علاقوں میں مزید تلاش اور کھدائی کے ذریعے ہائیڈروکاربن کے نئے ذخائر دریافت کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے گا۔




















































































