نیپال میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 270 ہوگئی ہے، جبکہ سیکڑوں افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
نیپال کے ضلع راسووا میں گزشتہ روز اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ حکام کے مطابق مختلف علاقوں سے اب تک 270 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں، جبکہ 500 سے زائد سیاح تاحال لاپتا ہیں۔
لاپتا افراد کی تلاش کے لیے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم تباہ شدہ راستوں اور متاثرہ بنیادی ڈھانچے کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق لاپتا افراد میں جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، پرتگال اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے بعض شہری بھی شامل ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ تبت کے علاقے گیرونگ میں مٹی کے تودے گرنے کے بعد 558 افراد لاپتا ہیں۔ لاپتا افراد میں 260 غیرملکی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ مختلف حادثات میں تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق سیلاب اور مٹی کے ریلوں سے سرحدی علاقوں میں گھروں، سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔






















































































