آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا اور مشکل آپریشنل حالات میں فرائض انجام دینے والے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاع وطن کے عزم کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تربت میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ دورے میں انہیں علاقے کی سکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور ان کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بلوچستان میں مختلف سماجی اور اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت بھی بریفنگ کا حصہ تھی۔
جوانوں سے گفتگو میں فیلڈ مارشل نے ان کی اعلیٰ تیاریوں، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مشکل حالات کے باوجود ملک کے دفاع کے لیے ثابت قدمی کو سراہا۔ انہوں نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
















































































