وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ حکمت عملی اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ضروری ہے۔ برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب میں انہوں نے انسانی سلامتی کو پائیدار استحکام کی بنیاد قرار دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں فعال کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق سات دہائیوں کے دوران 48 مشنز میں دو لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں اور 183 نے اپنی جانیں قربان کیں۔
وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ تنازعات والے علاقوں سے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات بڑھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ ہوں، ان کے لیے مناسب وسائل فراہم کیے جائیں اور انہیں دیرپا سیاسی حل کی کوششوں سے ہم آہنگ رکھا جائے۔
انہوں نے فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں مؤثر نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے رک جانے کے ساتھ انسانی سلامتی کو ترجیح دینا بھی ضروری ہے تاکہ مستقل استحکام پیدا ہو۔
خواجہ آصف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی عدم دستیابی اور معاشی کمزوری تنازعات کو بڑھا رہی ہیں۔ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی خطرات سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے دیرینہ تنازعات کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے، متاثرہ علاقوں تک انسانی امداد بلا رکاوٹ پہنچانے اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدے پورے کرنے پر زور دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور انسانی وقار، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ میں اپنی ذمہ داری ادا کرتا رہے گا۔

















































































