سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے چھ ارب روپے کرپشن ریفرنس میں نامزد سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کریم خان آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ شدہ فیصلہ سنایا،عدالت نے شرجیل انعام میمن کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے اورملزم کو 50 لاکھ روپے کی زرضمانت جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو نے سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کواکتوبر 2017 میں رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا تھا جبکہ سندھ ہائی کورٹ سے ہی ان کی درخواست ضمانت مسترد ہوئی تھی۔
نیب نے شرجیل انعام میمن سمیت 13 ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس جمع کرایا تھا، جس میں ان پر لگ بھگ پونے 6 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا الزام عائد کیا تھا۔