اسلام آباد: لاک ڈاؤن کے دوران ایک اور نایاب نسل کے تیندوے کی تصویر سامنے آگئی ہے جسے 5 مئی کی صبح 5 بجے مارگلہ ہلز نیشنل پارک ٹریل فائیو پر دیکھا گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق تیندوا ڈبلیو ڈبلیو ایف کے کیمرے پر نظر آیا۔ خطرناک نسل کا تیندوا ٹریل فائیو پارکنگ سے صرف 500 میٹر دور تک آ پہنچا تھا۔
تیندوے کی تصویر محکمہ وائلڈ لائف کے بجائے ورلڈ وائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے جاری کی۔
محکمہ وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں بعد ہم کیمروں کو چیک کر کے تصاویر جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سیاحتی مرکز گلیات میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی اور مکمل لاک ڈاون کے بعد جنگل کے تیندوے سڑکوں اور آبادیوں میں نکل آئے تھے۔
نتھیا گلی کے قریب ایک شہری دیر تک ایک تیندوے کی ویڈیو عکس بندی کرتا رہا اور تیندوا لب سڑک سیفٹی بلاک پردیر تک اٹھکیلیاں کرتا رہا۔
شہری کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئیں تیندوے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں اور عوام نے اس پر اپنی مختلف آرا شیئر کی تھی۔