اسلام آباد:عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔
پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 13 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 21 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 78 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 60 ہزارسے زائد ہو گئی ہے جب کورونا نے مزید 244 افراد کی جانیں لے لی ہیں۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 26 ہزار 2 سوسے بڑھ گئی ہے۔
برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 11 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ ملک میں مزید 649 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 31 ہزار 2 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔
اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 17 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جب کہ مزید 369 افراد اپنی جانوں کی بازیاں ہار گئے ہیں۔ اٹلی میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 30 ہزار 2 سو سے زائد ہو گئی ہے۔
فرانس میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں کورونا سے مزید 278 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد کل تعداد 26 ہزار 2 سو سے بڑھ گئی ہے۔
ترکی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 64 افراد ہمیشہ کی نیند سو گئے ہیں جس کے بعد ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار 600 سے تجاوز کرگئی ہے۔