ریاض: عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر عبدالغنی کورونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر گروپ اسد رومی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالغنی کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کر رہے تھے۔
اسد رومی نے ہم نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر عبدالغنی گزشتہ 35 سال سے سعودی عرب میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر عبدالغنی کی وفات پر پاکستانی کیمونٹی نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، سعودی ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے بھی ڈاکٹر عبدالغنی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک دو پاکستانی ڈاکٹر جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
قبل ازیں سعودی عرب کے شہر مکہ میں پاکستانی ڈاکٹر نعیم خالد چودھری جاں بحق ہوگئے تھے۔ 47 سالہ ڈاکٹر نعیم خالد چودھری پہلے پاکستانی ڈاکٹر تھے جنہوں نے مہلک وبا کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے سعودی عرب میں جان کی بازی ہاری۔
سعودی عرب کی ویب نیوز کے مطابق وہ مکہ کے حرا جنرل اسپتال میں بحیثیت جنرل سرجن فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے وہ پہلے پاکستانی ڈاکٹر تھے جو کورونا وائرس کی وجہ سے دار فانی سے کوچ کر گئے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ اورتین بیٹیاں شامل ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت کئی پاکستانی ڈاکٹرزا ور ہیلتھ ورکرز مہلک وبا کورونا کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔