غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔
لاہورمیں جمعرات کو احتساب عدالت میں غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت کوبتایا گیا کہ نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری کی لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر تعمیل کی گئی لیکن معلوم ہوا ہے کہ وہ بیرون ملک ہیں۔
ماڈل ٹاؤن تھانے کےانسپکٹر بشیر احمد نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی رپورٹ پیش کردی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم میاں نواز شریف ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پرموجود نہیں ہے،ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ پرمسلم لیگ نون کےڈپٹی سیکرٹری عطاء تارڑ نےملزم کے بیرون ملک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ملزم نواز شریف کی رائیونڈ رہائش گاہ پر ملزم کے سیکرٹری نے کہا کہ نواز شریف 6 ماہ سے بیرون ملک ہے،
نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزم میرشکیل نے اس وقت کےوزیراعلیٰ نواز شریف کی ملی بھگت سے ایک ایک کنال کے 54 پلاٹ ایگزمپشن پر حاصل کئے،ملزم کا ایگزمپشن پر ایک ہی علاقے میں پلاٹ حاصل کرنا ایگزمپشن پالیسی 1986ء کی خلاف ورزی ہے۔
پراسکیوٹرنیب نے مزید بتایا کہ ملزم نے نوازشریف کی ملی بھگت سے 2 گلیاں بھی الاٹ شدہ پلاٹوں میں شامل کرلیں،ملزم نےاپنا جرم چھپانے کیلئےپلاٹ اپنی اہلیہ اور کمسن بچوں کے نام پر منتقل کروا لئے۔
عدالت نے نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اوروزارت خارجہ کولندن میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔