سندھ ہائی کورٹ نے حکومتِ سندھ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار یو سی چیئرمین سمیت تمام منتخب نمائندوں کی 15 جون کو ہونے والے میئر کراچی کے الیکشن میں شرکت یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔
میئر کراچی کے انتخاب میں منتخب یو سی چیئرمین کو حصہ لینے سے مبینہ طور پر روکے جانے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عبدالرحمٰن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے لیے عدالت کے سامنے جماعت اسلامی کے وکیل عثمان فاروق اور سیف الدین ایڈووکیٹ پیش ہوئے، علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے وکیل اور حکومتِ سندھ کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
دورانِ سماعت حکومت سندھ نے تمام منتخب نمائندوں کو میئر کراچی کے انتخاب کے روز سٹی کونسل پہنچانے سے معذرت کرلی، ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم تمام منتخب افراد کو پہنچانے کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔
جماعت اسلامی کے وکیل نے عدالت کو مطلع کیا کہ 2 روز قبل بھی ایک یو سی چیئرمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے، سٹی کونسل اور ٹاونز میں پولیس نے منتخب نمائندوں کو ہراساں کیا، پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو میئر اور ٹاونز کے انتخابات میں شرکت سے روکا جارہا ہے۔