سپریم کورٹ میں سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمرعطاء بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 22 اگست کو مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز پر شمیم شوگر ملز کیس میں آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے، اسی ضمن میں نیب کی جانب سے لیگی رہنما کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔
چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں قائم 2 رکنی بینچ 23 اگست کو سماعت کرے گا، اس ضمن میں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
یاد رہے کہ نیب نے رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی تھی۔
اس کے علاوہ عدالت عالیہ میں نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر سماعت 25 اگست کو ہوگی جب کہ سپریم کورٹ پانامہ جے آئی ٹی کے والیم ٹن کے حصول کے لئے براڈ شیٹ کمپنی کی درخواست پر سماعت 22 اگست کوسماعت کرے گا۔
علاوہ ازیں، 2014 میں تحریک انصاف کے اراکن قومی اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ بھی سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے اور وکیل شاہد اورکزئی کی 2014 میں درخواست پر21 اگست 2023 کو سماعت ہوگی۔