صوبہ پنجاب میں اسکولوں کی گرمیوں کی تعطیلات میں 31 اگست تک توسیع دینے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں تعطیلات کے اختتام کا وقت قریب آ چکا ہے، تاہم 15 اگست سے اسکول کھولنے سے متعلق تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب موجودہ شدید گرمی اور حبس کو مدنظر رکھتے ہوئے تعطیلات میں توسیع کی تجویز پر غور کر رہا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی حالات بچوں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، لہٰذا صورتحال کے جائزے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق والدین کی آراء، محکمہ موسمیات کی رپورٹ اور موسم کی شدت کو دیکھتے ہوئے جلد ہی کوئی واضح اعلان متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے رواں برس 28 مئی سے 14 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا اور 15 اگست سے تمام اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی سرگرمیاں یکم اگست سے بحال ہو چکی ہیں۔ ان دونوں صوبوں میں گرمیوں کی چھٹیاں مکمل ہو چکی ہیں۔ سندھ میں محکمہ تعلیم نے یکم جون سے 31 جولائی تک تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے بعد یکم اگست سے سرکاری اسکولز جبکہ بیشتر نجی اسکولز 4 اگست سے کھل چکے ہیں۔