الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے کے 16 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی 45 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت انتخابی عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخابات حیدرآباد، سکھر، ٹنڈو الہٰ یار، جامشورو، مٹیاری، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، گھوٹکی، خیرپور، ٹھٹہ، بدین، سجاول، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں منعقد ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق 2 اپریل کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے، جبکہ کاغذات نامزدگی 6 سے 8 اپریل تک وصول اور جمع کروائے جا سکیں گے۔
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 سے 15 اپریل کے درمیان کی جائے گی، جبکہ 16 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 30 اپریل تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ 4 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کر کے انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق 45 خالی نشستوں پر پولنگ 17 مئی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔