محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 8 سے 12 جون کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں۔
محکمے کے مطابق بالائی فضا میں ہائی پریشر سسٹم مضبوط ہونے کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں 9 سے 12 جون کے دوران شدید گرمی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سجاول میں پارہ 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث سندھ کے میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور آندھی بھی چل سکتی ہے۔
شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔






















































































